اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سپریم کورٹ نے جے یو آئی ف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی مولوی آغا محمد کو حلف لینے سے روک دیا ۔مولوی آغامحمد کے حلقہ این اے 261 پشین سے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے۔
جس پر انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ، سپریم کورٹ نے انہیں الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دی تھی، آج چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی، مولوی آغا محمد کے مخالف امیدوارعیسی روشان نے سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دے دی ہے۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ مولوی آغا محمد کی مدرسہ کی سند بی اے کے برابر نہیں ،عدالت نے الیکشن کمیشن اور مولوی آغا محمد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا مولوی آغا محمد حلف نہ اٹھائیں۔