لاہور (اقبال کھوکھر) دنیا میں امن وسلامتی قائم کرنے کے لئے ہمیں اپنے حصے کادیا جلانے کی ضرورت ہے۔پاکستان سمیت دنیابھر میں امن کی شمع روشن کرنے کے لئے معاشرے کے محروم ومحکوم ومجبور افراد اور دکھی انسانیت کی بھیگی پلکوں سے آنسوپونچھنے کے لئے ہم بھرپورکرداراداکرتے رہیں گے۔
گلوبل پیس اینڈ پریچ منسٹری کے صدر سیموئیل کھوکھر نے ”عوامی محبت”کے چیف ایڈیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس امر پرگہری شادمانی کا اظہار کیا کہ معروف عالمی بزنس مین وسماجی رہنماء جیکب حاکم دین نے اپنی سماجی خدمات کو باقاعدہ شکل دیتے ہوئے گلوبل پیس اینڈ پریچ منسٹری کی سرپرستی قبول کی ہے جو پاکستانی کلیسیائوں کے لئے خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیکب حاکم دین ایک ہمدردانسان ہی نہیں بلکہ ایک ایماندار اور سچے مسیحی بھی ہیں اور انہوں نے جس طرح ہمارے پلیٹ فارم سے غریب ،نادار،یتیم،بیوائوں اور بے سہارا خاندانوں کی اخلاقی ومالی معاونت کا بیڑہ اٹھایا ہے وہ یسوع مسیح کے مشن کی تکمیل میں موثر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد دنیاکو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے جدوجہد کرنا ہے جوہم کرنے میں مصروف ہیں اور جیکب حاکم دین کا ہمارے مشن میں ہمارا ساتھ دینا ہمارے لئے حوصلہ افزاء امر ہے۔