کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ جیکب آباد دھماکے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی جب کہ واقعے کی تفتیش کرکے کیس فوجی عدالت میں بھیجیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیکب آباد کا دورہ کیا اور گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے سے متعلق تفصیلات معلوم کی جب کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کو حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔
دورے کے بعد شکار پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیک آباد دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی جب کہ دھماکے کی تفتیش کرکے کیس فوجی عدالت میں بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں میں حالات پہلے سے بہتر ہیں اور شکارپور اور جیکب آباد دھماکے کے علاوہ کوئی بڑے واقعات نہیں ہوئے جب کہ اس سال بھی اس دھماکے کے علاوہ پورے سندھ میں امن رہا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جانی نقصان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی لیکن ہم نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں اور واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو فی کس 20 لاکھ اور معذور ہونے والے افراد کو 10 لاکھ روپے امداد اور ملازمتیں دی جائیں گی جب کہ معمولی زخمی ہونے والے فی کس کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کوشش کی ایسا کوئی حادثہ نہ ہوا لیکن دہشتگردی کے واقعات دنیا بھر میں ہورہے ہیں اور پاکستان میں بھی فاٹا سے لے کر کراچی تک ایسے حادثات ہوتے رہتے ہیں مگر ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کررکھا ہےc