جیکولین بھارت اور چین کی مشترکہ فلم میں امیتابھ اور جیکی چن کیساتھ کام کریں گی

Jacqueline

Jacqueline

ممبئی (جیوڈیسک) کچھ عرصہ قبل بالی ووڈ میں خبرگرم تھی کہ امیتابھ بچن اور جیکی چن بھارت اور چین کی مشترکہ فلم میں کام کر رہے ہیں مگر اب اطلاعات ہیں کہ جیکولین فرنینڈس بھی اس فلم کا حصہ بن گئی ہیں۔

اس سلسلہ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے بھارت اور چین کی مشترکہ طور پر بنائی جانے والی فلم سائن کرلی ہے اور میں اس فلم میں افسانوی اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں۔

جیکولین فرنینڈس نے ہدایتکار کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں فلم کے متعلق مزید تفصیلات ظاہر نہیں کرسکتی تاہم اتنا ضرور بتا سکتی ہوں کہ فلم کی شوٹنگ رواں برس ہی دسمبر میں شروع کردی جائے گی۔

جیکولین فرنینڈس نے اس فلم کو سائن کرنے کے سلسلہ میں دو باتوں کا دھیان رکھا ہے۔ ایک یہ کہ وہ جانتی تھی کہ اس مشترکہ فلم کو چین کے ایک معروف ہدایتکار بنانے جارہے ہیں اور وہ ان کے ساتھ ایکشن فلم میں کام کرنا چاہتی تھی۔

جب کہ وہ ابھے دیول کے مدمقابل کام کرنے کی خواہش مندبھی تھی اور جب اسے معلوم ہوا کہ اس فلم میں امیتابھ بچن اور جیکی چن بھی کام کر رہے ہیں تو اس نے انہتائی دلچسپی کا اظہار کیا جس پر اسے کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

اداکار کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ کام کا معاہدہ کرنے کے لیے فلمساز ان کی سلمان خان کے ساتھ فلم ’’کک‘‘ ریلیز ہونے سے قبل بھارت آئے تھے اور اس موقع پر جیکو لین فرنینڈس نے فلم میں کام کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔