اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع ہو گئی۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں جہانگیر ترین، علی ترین اور دیگر کی جانب سے دائر عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے کی، جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
جہانگیر ترین کے وکیل کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور علی ترین شامل تفتیش ہو رہے ہیں، ہم تفتیش میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں ثبوت دے رہے ہیں۔
وکیل کا مزید کہنا تھا دونوں مقدمات میں تمام تر الزامات کا ریکارڈ فراہم کر رہے ہیں، امید ہے کہ جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں سرخرو ہوں گے۔
اس موقع پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ایف آئی اے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ جائے گا۔
دوسری جانب ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تمام الزامات پر تفتیش کر رہے ہیں، ملزمان کا نامکمل ریکارڈ کمرہ عدالت میں موجود ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کے ریکارڈ کا جائزہ لےکر فائل دوبارہ تفتیشی کے حوالے کر دی اور استفسار کیا کہ انکوائری کی مکمل رپورٹ کہاں ہے؟ اسے بھی پیش کیا جائے۔
تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انکوائری رپورٹ خفیہ ہوتی ہے، جس پر فاضل جج نے حکم دیا کہ انکوائری رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کی جائے۔
عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی۔