وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کاشغر سے پاکستان تک روڈ بنے گا جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔
عمران خان دوسروں کے عیب نکالنے کی بجائے اپنے ارد گرد کرپٹ ٹولہ کا محاسبہ کریں۔ جہانگیر ترین وہ آدمی ہیں جو اپنے آپ کو بہت صاف ستھرا بنا کر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے طیارے میں روزانہ عمران خان سفر کرتے ہیں اس نے 24کروڑ روپے کے قرضے ڈکٹیٹر مشرف کے دور میں معاف کروائے اور اب 7ارب منافع شو کرتے ہیں۔
کوٹ خضری سٹیڈیم میں سیلاب متاثرین میں مویشی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جہانگیر ترین کے جھوٹ عمران خان کے پیچھے بیٹھ کر چھپ نہیں سکتے ،ایک اور ایم این اے جس کا تعلق ساہیوال سے ہے ڈیڑھ ارب روپے کا ڈیفالٹر ہے اسے بھی جلد بے نقاب کریں گے۔خیبر پختونخوا کے لوگ اپنے وزیراعلیٰ اور عمران خان کی شکل تک بھول چکے ہیں ،صوبہ خیبر پختونخواہ کی عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریگی۔ جب بارشوں کی وجہ سے لوگ اپنے پیاروں کی میتوں پر رو رہے تھے تو کے پی کے کا وزیراعلیٰ عمران خان کی سرپرستی میں ڈانس میں مشغول تھا ۔عمران خان نے ان غم کے ماروں کا دکھ بانٹنا تک گوارا نہیں کیا۔
خان صاحب آپ دھرنوں میں لوگوں کی عزتیں اچھالتے رہیں ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔جب بھی آپ کنٹینر سے اتریں گے تو لوگ آپ سے سوال کریں گے کہ آپ نے خیبر پختونخوا میں سکولوں کی تعداد کو دوگنا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ڈیڑھ سال میں صرف ایک سکول کا ہی اضافہ کر سکے ،ہم نے ایجوکیشن کے لیے مختص کیے گئے بجٹ میں 80فیصد خرچ کیا لیکن آپ نے کے پی کے میں 20فیصد خرچ کیا ،یہ پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی ہے جو نیا پاکستان بنانے کے لیے نکلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب پہلے کے پی کے کو تو سنوار کر دکھائیں پھر کوئی دوسری بات کریں۔
خان صاحب آپ ایک لاکھ ٹیکس دیتے ہیں اور روزانہ جیٹ میں گھومتے ہیں۔ بلٹ پروف گاڑی میں پھرتے ہیں درجنوں پروٹوکول گاڑیوں کے ساتھ سفر کرتے ہیں لیکن دوسروں کے عیب نکالنے میں لگے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ دھرنوں کی وجہ سے ملتوی ہوا ،لیکن چین کے صدر نے میاں نوازشریف کو چائینہ بلا کر 42ارب ڈالر کا تحفہ دیا جس سے کوئلے کی مدد سے سستی بجلی پیدا کی جائے گی اور عوام کو ریلیف دیاجائے گا۔
حمزہ شہباز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ سیاسی جلسے نہیں کئے جاتے نا ہی سرکاری عما رتوں پر حملے کر کے جلسے ہوتے ہیں۔ 30نومبر کو سیاسی جلسہ کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں لیکن اگر کوئی غیر آئینی حرکت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا توآہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔حمزہ شہباز شریف نے عمران خان کو اپنے تئیں مخلصانہ مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جلسہ کرنا ہے تو کریں مگر کبھی اپنے صوبے میں بھی جائیں جہاں لوگ دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،لاکھوں آئی ڈی پیز وہاں موجود ہیںان کی بھی کبھی مدد کریں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کو جلد ازجلدمرمت کروایا جائے گا تا کہ عوام کو پریشانی نہ ہو اور کسان اپنی اجناس منڈیوں تک با آسانی پہنچا سکیں۔