اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ، کہتے ہیں کبھی عہدہ مانگا نہ مانگوں گا، تمام کشتیاں جلا کر عمران خان کے نظریہ کی حمایت کی، پارٹی کو تقسیم ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کے بعد ایک بیان میں تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی کشتیاں جلا کر عمران خان کے نظریہ کی خاطر تحریک انصاف میں شامل ہوا، میں نے کبھی کوئی عہدہ نہ مانگا ، نہ مانگوں گا۔ اپنے لیڈر کی پارٹی کو کسی قیمت پر تقسیم ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے شریف خاندان سے فیصلہ کن ٹاکرے کا تہیہ کر لیا ہے، ضروری ہے کہ تحریک انصاف میں دڑاڑیں روکی جائیں۔
پارٹی کو متحد رکھنے کیلئے انٹرا پارٹی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں، عام کارکن کی طرح تحریک انصاف کی خدمت اور اتحاد کیلئے کوشاں رہوں گا، میں تمام پارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ تحریک انصاف کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، ہمیں اپنی تمام توانائیاں اور وسائل شریف خاندان کو بے نقاب کرنے میں لگانا ہوں گے۔