لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جیل میں چوہوں کا بچا ہوا کھانا کھلایا جاتا تھا۔
جاتی امرا میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جیل میں انہیں چوہوں کا بچا کھانا کھلایا جاتا تھا اور ادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں جیل میں فنگس والی ادویات دی جاتی تھیں۔
دوسری جانب مریم نواز کے بیان پر رد عمل میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ’یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ ان خاتون نے ایک دن بھی جیل کا کھانا نہیں کھایا اور کھانا ہمیشہ گھر سے آتا تھا، اب سوال یہ بنتا ہے کہ یا تو چوہا گھر کا تھا یا خاندانی روایت کے مطابق پھر جھوٹ بول رہی ہیں‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مریم نواز نے اس بات کا بھی انکشاف کیا تھا کہ جیل میں ان کے باتھ روم میں کیمرے لگائے گئے تھے۔