جام پور: زمین کا تنازع، ایک خاتون کا ہاتھ، دوسری کا پاؤں کاٹ دیا گیا

Jam Pur

Jam Pur

جام پور (جیوڈیسک) جام پور میں زمین کے تنازع پر رشتے دار آپس میں لڑ پڑے۔ ایک گروپ نے مخالفین کی دو خواتین پر تشدد کر کے ایک خاتون کا ہاتھ اور دوسری کا پاؤں کاٹ دیا۔

پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ خواتین پر تشدد کا واقعہ جام پور کے نواحی علاقے موضع پتی گاڈی میں پیش آیا۔ جہاں زمین کے تنازع پر رشتے داروں میں ہونیوالا تصادم اچانک شدت اختیار کر گیا۔ ایک گروپ کے مشتعل افراد نے دوسرے گروپ کی ایک خاتون کا ہاتھ اور دوسری کی ٹانگ کاٹ دی۔

واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی خواتین کو اسپتال جام پور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے جسے ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ہونیوالے ملزمان میں سے تین کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقدمہ میں نامزد 7 دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔