کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ علویہ القادریہ کے زیر اہتمام جیلانی جامع مسجد گلشن اقبال میں حضرت علامہ ظہیر الحسن شاہ جیلانی چاند پوری کے مزار سے متصل عظیم الشان محفل نعت بسلسلہ جشن عید میلاد النبی ۖ کا انعقاد کیا گیا محفل کی صدارت حلقہ علویہ القادریہ کے سربراہ سجادہ نشین درگاہ شاہ جیلانی چاند پوری سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے کہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید الحسن شاہ جیلانی نے کہاکہ عید میلاد النبی ۖ عیدوں کی سردار ہے آقائے دوجہاں ۖ کی تشریف آوری پوری انسانیت کے لئے باعث رحمت ہے۔
آپ کی آمد سے دنیا سے جہالت اور چھائے ہوئے اندھیروں کا خاتمہ ہوگیا انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں فخر ہے ہم اللہ کے پیارے رسول ۖ کی اُمت ہیں انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہا کہ وہ آقاء ۖ سے محبت اور عقیدت کا اظہار آپ ۖ کی تعلیمات پر عمل کرکے کریں تعلیمات نبویۖ ہی معاشرے کے سدھار اور تمام بحرانوں سے چھٹکارے کا ذریعہ ہے محفل میں حیدرآباد کے کمسن نعت خواں معیز قادری ،عارف عطاری اور منور علوی القادری اور دیگر نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کرکے محفل کو چار چاند لگا دیا محفل کے اختتام پر شرکاء محفل کو موئے مبارک ۖ اور غلاف کعبہ کی زیارت کرائی گئے اس موقع پر محفل درود صلواة و سلام سے معطر ہوگیا تقریب کے اختتام دنیا انسانیت پر مظالم کے خاتمے پاکستان کی ترقی اور آرمی پبلک اسکول پشاور اور ضرب عضب میں شہید فوجی جوانوں کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔