جماعت اسلامی شہریوں کو ایک با اعتماد، دیانت دار قیادت مہیا کرے گی، محمد یوسف

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور شہریوں کو ایک با اعتماد، دیانت دار اور مسائل کو لوگوں کے گھر کی دہلیز پر حل کرنے والی قیادت مہیا کرے گی۔

کراچی کی رونقوں کو حقیقی نمائندوں کے ذریعے بحال کریں گے اور کراچی کو دوبارہ پرامن شہر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 31 گجرو، میںجماعت اسلامی کے چیئرمین کے امیدوار عبدالستاربرفت اور وائس چیئرمین حاجی طور خان کے 5 مقامات پر الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل اس وقت تک حل نہیں ہوںگے جب تک بددیانت لوگوں سے جان چھڑا کر باکردار اور کرپشن سے پاک صالح جماعتوں کو برسراقتدار نہیں لایا جاتا۔قتل و غارت گری، بھتہ خوری و دیگر مسائل کا حل بددیانت لوگوں سے جان چھڑا کر باکردار اور کرپشن سے پاک صالح افراد کو برسراقتدار لانے میں ہی ممکن ہے۔ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے عوام کو مخلص اور دیانت دار حکمرانوں کو چننا ہوگا۔

کراچی کی عوام کو رنگ ونسل اور لسانیت سے باہر نکل کر اسلامی نظام کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن امان قائم کرنے اور خوشحال پاکستان کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہم اہلیان کراچی کو دعوت دیتے ہیں کہ جماعت اسلامی کی بے لوث و با کردار قیادت کے ساتھ کلمہ والے جھنڈے تلے جمع ہو جائیں اس شہر کو امن و امان کا گہوارہ بنائیں۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320