کراچی : نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ بن رضی نے کہا ہے کہ اپنی خوشیاں قربان کرکے دکھی انسانیت کی خدمت جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے۔ کارکنان مبارک باد کے مستحق ہے کہ خود غرضی کے اس ماحول کے اندر اپنی خوشیاں قربان کرکے اس پورے عمل میں شریک رہے۔
اس بات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون دستگیر، علاقہ نصیر آباد کے تحت جامع مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں چرم قربانی میں حصہ لینے والے کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان و دیگر نے بھی خطاب کیا اور چرم قربانی مہم میں حصہ لینے والوں کو انعامات بھی دیئے گئے۔ اسامہ رضی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی لوگوں کو اللہ رب العالمین کی بندگی کی طرف بلانے کے فریضے کی انجام دہی کے لئے کوشاں ہے۔ جماعت اسلامی معاشرے کے اندر خدمت کا عنوان بن چکی ہے۔
جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے اندر پسے ہوئے طبقات میں خوشی کا سامان فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے راستے میں نکلنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے، الخدمت نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور ثابت کیا ہے کہ دیانت دار، بے لوث قیادت ہی عوام کے مسائل کا حل رکھتی ہے۔ کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کردیں، جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ عوام کو بتائیں کہ جماعت اسلامی نے شہر کراچی میں سیاست، خدمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ رقم کی ہے، عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کی نظامت کا دور کراچی کی تعمیر و ترقی کا سنہرا دور ہے۔
کارکنان بلا خوف و خطر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں،جماعت اسلامی عوامی حمایت سے برسر اقتدار آ کر تعمیر و ترقی کے دور کا دوبارہ آغاز کریں گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل رابطہ عوام مہم کو موثر بنانے کے لئے ہر ووٹر اور ہر گھر پر پہنچنے کی ضرورت ہے، عوام بلدیاتی انتخابات میں بھتہ و ٹھپہ مافیا کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔تقریب میں جماعت اسلامی کے نامزد چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین اور دیگر امیدواروں کا تعارف بھی کروایا گیا۔