اسلام آباد (جیوڈیسک) استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے 21 نومبر سے جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں، خطاب جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملک بھر سے محب وطن عوام کا تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔
یہ اجتماع قوم کو مایوسی، انتشار اور انتہا پسندی و عدم برداشت کے اندھیروں سے نجات دلائے گا۔ اجتماع عام پوری قوم میں شعور بیدار کر کے عوامی طاقت کو متحد کر نے کا لائحہ عمل دے گا۔ عوام تحریک تکمیل پاکستان میں شریک ہو کر جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھنگی سیداں میں اجتماع عام کے ابلاغی کیمپ کا افتتاح کر تے ہو ئے کیا۔
اس مو قع پر نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد میاں محمد رمضان، حسن جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے جو قرآن و سنت اور پاکستان کے آئین کے ساتھ جڑا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت ہی ملک کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان عوام کے مسائل کے حل کی ضمانت ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی ملک بھر کے مظلوم اور مجبور عوام کو منظم کرکے موجودہ استحصالی نظام کے خاتمے کے لئے 21 نومبر سے ایک بڑی جدوجہد کا آغاز کرنے والی ہے۔