کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کا اجتماع عام پاکستانی قوم کو نا امیدی سے نکال کر ’’اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان ‘‘کا پیغام دے گا اور یہ ہی اس اجتماع کا سلوگن ہے۔ یہ بات نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی نے ادارہ نور حق میں منعقدہ کراچی کے تمام اضلاع کے سیکریٹریز اور مرکزی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں کراچی کے جنرل سیکریٹری عبد الوہاب، ڈپٹی سیکریٹری انجینئر صابر احمد، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور شباب ملی کراچی کے صدر سیف الدین نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے اجتماع عام منعقدہ مینار پاکستان لاہور 23,22,21 نومبر میں کراچی سے بڑے پیمانے پر شرکت کے حوالے سے کارکنان میں پائے جانے والے جوش و جذبے پر خوشی کا اظہار کیا گیا اور یہ طے کیا گیا کہ اس اجتماع عام کی تشہیری مہم پورے کراچی میں چلائی جائے گی، شباب ملی کے تحت اس سلسلے میں ہر ضلع میں فلوٹ گشت کریں گے۔عبد الوہاب نے اجلاس میں بتایا کہ اجتماع عام میں خواتین بھی بڑی تعداد میں اپنے بچوں کے ساتھ شریک ہوں گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیاکہ اس اجتماع میں شہر سے بڑی تعداد میں لوگوں کو شریک کرانے کے لیے علماء، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجر، اساتذہ، مزدور اور طلباء سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو دعوت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ جلد ہی کراچی کا دورہ کریں گے اور مختلف اضلاع میں عام اجتماعات سے خطاب کریں گے۔