کراچی (پ ر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کی شوریٰ کے اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نصب العین اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہے اور اس بلند مقصد کے لئے جماعت اسلامی کی جدوجہد اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ آنے والے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کی کامیابی دراصل کراچی میں امن و ترقی کی بنیاد ہوگی، اس سے پہلے کراچی کی عوام نے جب بھی جماعت اسلامی کو موقع دیا اس نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا اور ہمیشہ کراچی میں ترقی و خوشحالی لے کر آئی، جس کی مثال سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان کا دور نظامت ہے، جس میں کراچی میں امانت و دیانت کا ایک نیا باب کھلا، جب کہ دوسری جانب پچھلے 25 سالہ دور میں کراچی کے نام نہاد دعوے داروں نے اپنے دورے حکومت میں کراچی کو سوائے بدامنی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور زمینوں پر قبضے کے سوا کچھ نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی وہ واحد جماعت ہے جو کراچی کو صحیح معنوں میں ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے، یہ وہ جماعت ہے جو پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنا سکتی ہے۔ دریں اثناء قائم مقام ناظمہ ضلع وسطی بشریٰ مقصود نے ارکان شوریٰ کو بلدیاتی الیکشن کی بریفنگ دی۔ نظم اور شعبہ جات کو ہدف دیتے بشریٰ مقصود نے کہا کہ ہماری ساری کوششیں اللہ کے لئے ہیں اس لئے ہر فرد اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بھرپور توانائیاں لگائے اور بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے لئے عوام تک جماعت اسلامی کی دعوت کو پہنچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے امن و امان سے وابستہ ہے، اس لئے عوام اپنا ووٹ ایسے لوگوں کو دیں جو حقیقی معنوں میں کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کا عزم رکھتے ہوں۔