جماعت اسلامی کراچی میں اختلافات کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں محمد حسین محنتی

کراچی جماعت اسلامی کراچی کے مستعفی امیر محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ اختلافات کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ میں جماعت اسلامی میں تھا ہوں اور انشاء اللہ رہوں گا۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہاکہ میں اس وقت بھی جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوری اور مرکزی مجلس عاملہ کا رکن ہوں۔

امارت جماعت اسلامی کراچی سے میرا استعفیٰ جماعت کے دستور اور قواعد کے مطابق ہے میں جماعت اسلامی کی پالیسیوں سے پوری طرح متفق ہوں میرا جماعت اسلامی سے کوئی اختلاف نہیں میں آج بھی نظم جماعت اور دستور جماعت کا پابند ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے بنیاد خبریں پھیلانے والے جماعت اسلامی کی تنظیم اور اُس کی جمہوری روایات سے واقفیت حاصل کریں۔