کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان سے ملاقات کرکے انہیں غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔
حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے مفتی منیب الرحمان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے 17 اگست کو کراچی میں ہونے والے ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 8 سال سے اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا جا چکا ہے، ملین مارچ کا مقصد امت مسلمہ کی نمائندگی اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی ہے۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کسی جماعت کا نہیں انسانیت اور اسلام کا مسئلہ ہے، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ کی حمایت کرتے ہیں۔