کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں سقوط ڈھاکا کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سمیت سماجی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سقوط ڈھاکا کے حوالے سے جماعت اسلامی کراچی کے تحت سقوط ڈھاکہ کل اور آج کے عنوان سے سیمینار کراچی پریس کلب میں ہوا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا مشرقی بازو علیحدہ ہوئے آج 43 سال مکمل ہو گئے ہیں اور آج یوم سقوط ڈھاکا ہے، اندرونی بغاوت کی وجہ سے 16 دسمبر تک پاک فوج ڈھاکا میں محصور ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو آج 43 برس گزر چکے ہیں مگر آج بھی اس دن کی تکلیف اور اذیت زندہ ہے۔ سیمینار سے معروف ماہر بین الاقوامی امور ڈاکٹر شاہدہ وزارت،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن،معروف صحافی مظہر عباس، دانش ور و کالم نگار شاہ نواز فاروقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔