کراچی: جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ الیکشن میں دیانت دار امیدوار کو کامیاب بنا کر ہی شہر کو خوشحال کیا جاسکتا ہے، 5 دسمبر کراچی کی تبدیلی کا دن ہوگا، کراچی کے عوام بھتہ خوروں، چور لٹیروں کو مسترد کرکے ثابت کردیں گے کہ وہ حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں، انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کو ان کا حق دلائیں گے ان کی محرومیوں کو دور کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے نارتھ ناظم آباد زون کی یوسی 16 کے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما سید محمد اقبال اور ناظم علاقہ عبیدالرحمن سمیت چیئرمین کے امیدوار فرحان سہیل بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈ جسمنٹ کرکے بلدیاتی انتخابات لڑ نے کا عزم کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی خدمت کی ہے اور کراچی کے لوگ اس بات کے گواہ ہیں ۔جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے ماضی میں بھی شہر کو اس با اختیار شہر بنایا تھا ، سڑکوں کال جال بچھایا ، پانی کے نئے منصوبے شروع کیے۔
جامعات اور کالجز قائم کیے اور اس شہر کی حقیقی شناخت بحال کی تھی لیکن بعد میں آنے والوں نے اس شہر کی شناخت چھین لی اور اسے خوف و دہشت کی علامت بنا دیا۔ جماعت اسلامی شہر کراچی کی شناخت بحال کرائے گی اور اسے پھر سے روشنیوں کا شہر بنائے گی۔ محمد یوسف نے کہا کہ عوام میں اپنی دعوت کو عام کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ملاقاتیں کرنی ہوں گی ۔ تمام امیدوار ایک ایک فرد کے پاس جاکر اپنی شناس کرائیں۔