جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ منعم ظفر خان

Jamat e Islami Convention

Jamat e Islami Convention

کراچی : جماعت اسلامی کا غلبہ دین کی تحریک ہے ہم اصلاح معاشرہ کے ذریعے امت کی زمام کار صالحین کو منتقل کرنا چاہتے ہیں یہ کام موجودہ حالات میں نہایت اہم اور بھر پور جدو جہد کا متقاضی ہے جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی ہماری سیاست خدمت سے عبارت ہے اسی بل پر عوام کے درمیان جائیں گے ۔ شفاف ووٹر لسٹوں کے ذریعے ہی شفاف انتخابات ممکن ہیں۔

جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح باکردار اور دیانتدار قیادت عوام کے سامنے لائے گی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے قباء مسجد میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 68 برسوں سے ارباب اقتدار کے کردار سے لوگ اچھی طرح واقف ہیں بلدیاتی الیکشن مہم میں عوام کے درمیان گزشتہ حقائق کو لے کر جائیں گے ۔ کرپشن اور دیگر ہتھکنڈوں سے شہر کراچی کو لوٹا گیا۔

جماعت اسلامی شہر میں آنے والی ہر آفت میں بحالی کے کاموں میں مصروف رہی کراچی میں حالیہ بارشوں کی پیش گوئی ہو یا رمضان میں ہیٹ اسٹروک سے جانی نقصان ہم نے ثابت کیا کہ جماعت اسلامی ہی عوامی میں پیش پیش ہے ۔ منعم ظفرخان نے کہا کہ کراچی میں شہریوں کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کا تاریخ ساز دور یاد ہے ہم عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکرخدمت کے اس کام کو تسلسل سے آگے بڑھائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی مسائل عفریت کا روپ دھار چکے ہیں گزشتہ ایک دہائی میں بلدیاتی انتخابات نہ کروا کر حکمرانوں نے کراچی دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

جماعت اسلامی نے شہر کی دل و جان سے خدمت کی جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے ہمیشہ عوام کے درمیان موجود رہے ہم جانتے ہیں کہ شہر کے مسائل کیا ہیں اور انھیں کس طرح حل کرنا ہے ۔ متوقع بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 20 ستمبر ہے جو سندھ میں سیلابی صورت حال کے بعد بڑھ سکتی ہے لیکن کارکنان ترجیحی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کوششوں کو تیز کردیں۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ووٹر لسٹوں کی بنیاد پر گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں ہم وسیع پروگرام کے ذریعے عوام کو تعمیر کے ایجنڈے پر جمع کریں گے۔ کراچی ملک کو سب سے زیادہ ریوینیو دینے والا شہر ہے اس کا خیال نہ رکھا گیا تو معاشی طور پر پاکستان ترقی نہیں کرسکے گا ۔اس موقع پر تمام امرأ زون نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320