اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کیا ہے کہ حکومت گرانا ہمارے لیے مشکل نہیں بس قوم کو تیار کرنا چاہتے ہیں تا کہ پھل قوم کی جھولی میں گرے کوئی اور نہ کھائے، 25 اگست کو پشاور میں عظیم الشان جلسہ عام کریں گے۔
اتوار کو جماعت اسلامی اسلام آباد کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ دنیائے کفر عالم اسلام پر حملہ آور ہو چکی ہے اور ہمارے حکمران اس کے ہاتھوں یرغمال ہیں، یہ کیسے اسلامی حکمران ہیں، اپنے دفاع کے لیے امریکا کو بلاتے ہیں، حکومت ہمارے ہاتھ میں نہیں، حکومت میں آکر ایوانوں میں شریعت کو نافذ کر کے دکھائیں گے، اچھا ہوا تحریک انصاف کو موقع مل گیا اگر اپوزیشن میں ہوتی تواس طرح بے نقاب نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک ملک کو صرف قرضہ نہیں دیتا بلکہ کلچر اور نصاب بھی دیتا ہے اور ہمارے پاس اس کے شواہد موجود ہیں، 73 ممالک اس کے مقروض رہے کوئی بھی ملک ترقی نہ کرسکا جس ملک نے بھی آئی ایم ایف سے قرضہ لیا غریب سے غریب تر ہوتا گیا، موجودہ حکومت کے آنے پر ہم نے سترہ نکاتی معاشی ایجنڈا پیش کیا اور سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہ سمجھے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 25 اگست کو پشاور میں جماعت اسلامی کی طرف سے عظیم الشان جلسہ عام ہوگا، بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے، اصل اپوزیشن جماعت اسلامی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ قوم کے حقیقی معنوں میں دکھوں کا مداوا ہو، جماعت اسلامی نے تیاری شروع کر دی ہے اور جماعت کی یہ ضلعی تنظیم ملک بھر کے اضلاع کے لیے ماڈل ہوگی۔
دریں اثنا سراج الحق نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ سمیت جن ممالک نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے اس سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اہل پاکستان کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔