اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے نج کاری کے خلاف ملک گیر تحریک کا اعلان کر دیا ہے اور ملک بھر میں لیبر یونین سے رابطے کر کے نج کاری کے خلاف پہیہ جام کرنے کی حکمت عملی بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں نج کاری کے خلاف سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھاکہ ملک بھر میں 100پوائنٹس بنائے جائیں گے جہاں سے ضرورت پڑنے پر ملک بھر میں پہیہ جام ہوسکے گا، ملک بھر کی تمام لیبر یونین سے بلا سیاسی امتیاز ملاقات کی جائے گی
نج کاری کے خلاف ہر لیبر یونین کا ساتھ دیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نج کاری ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے، کوئلے کی کان پر نواز شریف اور آصف زرداری کا اکھٹا ہونا کسی نئے بحران کا پیش خیمہ ہے، سرکاری اداروں کو فعال بنانے کے لیے کرپشن ختم کی جائے اور اداروں کی بحالی کے لیے امدادی قطرے پلانے کی بجائے باقاعدہ بزنس پلان مرتب کیے جائیں۔