14 کراچی : جماعت اسلامی ہی عوام کی واحد نمائندہ پارٹی ہے، جماعت اسلامی کو جب بھی اور جہاں بھی موقع ملا ہے اس نے عوامی خدمت کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے UC-40 کمرشل ایریا لیاقت آباد میں ورکرز کنونشن اور جماعت اسلامی کے امیدوار برائے چیئرمین جاوید احمد خان، وائش چیئرمین محمد اکرم قریشی کے لیاقت آباد، ڈاکخانہ پر انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عبدالستار افغانی مرحوم اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کراچی کے عوام کی بھر پور خدمت کی ہے اور ان کے ادوار میں شہر میں جو تعمیر و ترقی ہوئی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے جو منصوبے اور پروجیکٹ بنائے گئے وہ کسی اور دور میں نہیں بنائے گے۔ کراچی کے عوام برس ہا برس سے مسائل سے دوچار ہیں۔ دہشت گردی اور ہڑتالوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ہم اس شہر کو آزاد کرانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خالد صدیقی نے مزید کہا کہ اہلیان کراچی 5 دسمبر کو جماعت اسلامی کو ووٹ دیں انشاء اللہ جماعت اسلامی کی قیادت عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی اور دیانت، امانت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور جدوجہد کرے گی اور اس شہر کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنائے گی۔ علاوہ ازیں UC-40 سے چیئرمین کے امیدوار جاوید احمد خان، وائس چیئرمین محمد اکرم قریشی اور جنرل کونسلر وارڈ I، عبید احمد خان نے عوام سے گھر گھر ملاقاتیں کرکے انہیں جماعت اسلامی کا منشور پہنچایا۔