منگورہ (جیوڈیسک) جماعتِ اسلامی کے صوبائی صدر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جو ملک میں جمہوری نظام کے لیے نقصاندہ ثابت ہو۔
سوات میں شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد میں امدادی رقوم کی تقسیم کے حوالے سے منتقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مارشل لاء کا نفاذ آئین کی خلاف ورزی ہے اور ملک مزید اس طرح کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ‘ملک میں پائیدار امن کے لیے سیاسی معاملات میں ایجنسیوں کے کردار کو ختم کرنے کی ضرورت ہے’۔ انہوں نے کہا جمہوریت کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیٔے۔ ایک سوال کے جواب میں پروفیسر ابراہیم خان نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کا ایجنڈہ مختلف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طاہر القادری نے گیارہ مئی کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا، جس انتخابات کے دوران چار حلقوں میں دھاندلی کا عمران خان نے الزام عائد کیا تھا۔ جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیٔے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیٔے کہ وہ جلد از جلد شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضربِ عضب کو ختم کردے، تاہم متاثرین اپنے گھروں میں واپس جاسکیں۔