لاہور (جیوڈیسک) جب سے امن مذاکرات سنجیدگی سے آگے بڑھے ہیں دہشتگردی میں نمایاں کمی ہوئی ہے آپریشن کا مطالبہ کرنے والے اندرونی وبیرونی ملک دشمن امن ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔
پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمدجنجوعہ نے اپنے مشترکہ بیان میں امریکی نائب وزیرخارجہ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتوں میں شمالی وزیرستان میں فوری آپریشن کے مطالبے پر شدید رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی وعسکری قیادت دانشمندانہ فیصلے کرے۔
جب سے امن مذاکرات سنجیدگی سے آگے بڑھے ہیں پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ امریکہ اپنے چھاؤ نی نماسفارت خانوں کے ذریعے ریمنڈڈیوس نیٹ ورک کی پشت پناہی کررہا ہے اورنہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن وامان قائم ہو۔ فریقین ایک دوسرے پرمکمل اعتماد کرتے ہوئے مذاکراتی عمل کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
امریکی جنگ پاکستان کے گلی محلوں تک پہنچ چکی ہے جس سے چھٹکارا پانے کاوقت آگیا ہے۔ آپریشن کی حمایت کرنے والے پاکستان میں امن کے دشمن ہیں وہ نہیں چاہتے کہ یہاں لوگ پر سکون انداز میں زندگی گزاریں۔