جماعت اسلامی پاکستان کے سہ روزہ اجتماع عام کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی

Jamaat Islami

Jamaat Islami

لاہور: 121 تا 23 نومبر کو مینار پاکستان کی گراﺅنڈ میں ہونے والے جماعت اسلامی پاکستان کے سہ روزہ اجتماع عام کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ آزادی پارک اور منٹو پارک میں خیمہ بستیوں کا ایک شہر آباد ہوگیا ہے جس کے مکین ملک کے گلی کوچوں سے لاہور پہنچ رہے ہیں ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے آج اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ناظم اجتماع میاں مقصود احمد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ وضو گاہیں اور بیت الخلاءمکمل ہوچکے ہیں ،روٹیاں پکانے کیلئے تندور اور چولہے نصب کردیئے گئے ہیں ،مرکزی اسٹیج بھی اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،تین ہزار سے زائد کارکنا ن دن رات انتظامات میں مصروف ہیں ،خیمے لگانے کا کام بھی آج مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے مینار پاکستان پر پاکستان کے نقشے کے مطابق ایک منی پاکستان بسایا ہے جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان و آزاد کشمیر کے عوام لاکھوں کی تعداد میں تین دن تک قیام کریں گے ۔مینار پاکستان پر قائم کی گئی خیمہ بستی اس ترتیب سے بسائی گئی ہے کہ چاروں صوبوں کے کیمپ لگا کران میں ڈویژنز اور اضلاع بنائے گئے ہےں اوران اضلاع میںٹاﺅنز اور تحصیلوںتک اہم شہروں کے بڑے بڑے خیمے نصب کئے گئے ہیں ۔ اجتماع عام کے شرکاءکی سہولت کیلئے جگہ جگہ اجتماع گاہ کے نقشے آویزاںکردیئے جائیں گے جس سے عام فرد بھی اپنا متعلقہ ضلع اور مقام آسانی سے تلاش کرسکے گا۔دریں اثناءناظم اجتماع میاں مقصود احمد نے امراءاضلاع کوان کے مقامات کے بارے میں بریف کردیا ہے تاکہ ضلعی امراءاپنے نائبین کو اچھی طرح اس نقشے کے متعلق سمجھا سکیں ۔ اجتماع گاہ کی سیکیورٹی کے لیے جماعت اسلامی کے رضا کار بھی مینار پاکستان پہنچ چکے ہیں جنہوں نے اجتماع گاہ کی سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے ہیں۔
٭٭٭٭٭
اجتماع عام کی لائیوکوریج کیلئے جماعت اسلامی نے ”ڈرون “حاصل کر لیاہے ۔ڈرون کو آزمائشی پرواز کیلئے منصورہ کے سامنے گراﺅنڈ میں اڑایا گیا اور کامیاب پرواز کے بعد اب یہ ڈرون اجتماع عام کی کوریج کیلئے مینار پاکستان جائے گا۔سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈرون سے لائیو کوریج کے لیے فوٹیج مختلف ٹی وی چینلز کو بھی دی جاسکے گی۔
٭٭٭٭٭
ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ سوئی گیس کے نرخ میں 33 فیصد اضافہ سے مہنگائی کی ایک نئی لہر سامنے آئے گی اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ موسم سرما کے آغاز سے ہی گیس پریشر میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور متعدد علاقوں میں گھروں کے چولہے قریباً سرد ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سی این جی کے تعطل سے عام شہری متاثر ہو گا۔

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی و گیس کے بحران کے خاتمہ اور ملک میں عدل و انصاف کے قیام کے حقیقی لائحہ عمل سے آگاہی کے لیے 21تا23 نومبر مینار پاکستان لاہور پر منعقد ہونے والے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں بھر پور شرکت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 23 نومبر سے احتجاج برائے احتجاج اور جلسہ برائے جلسہ کی بجائے مسائل کے حقیقی حل پر مبنی تحریک پاکستان کا آغاز کر رہی ہے۔