ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی عدالت نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر 5مجرموں کو سزائے موت سنا دی۔
سعودی خبر ایجنسی کے مطابق جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں سعودی عدالت میں 11 ملزمان پر مقدمہ چلایا گیا۔ استغاثہ کے مطابق عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 مجرموں کو سزائے موت سنائی اور 3 مجرموں کو 24 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان کےقریبی ساتھی پرفردجرم عائد نہیں کی گئی۔
امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی سعودی حکومت کے ناقد تھے اور غیر ملکی اخبارات میں ریاض حکومت پر تنقید کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جمال خاشقجی میرے دور میں قتل ہوا ذمہ داری قبول کرتا ہوں، سعودی ولی عہد
جمال خاشقجی کو سعودی خفیہ اہلکاروں نے دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں قتل کردیا تھا۔ ان کے اعضا کے ٹکڑے کرکے سعودی قونصلر کے گھر میں دفن کردیے گئے تھے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان پر الزام لگایا گیا کہ ان کے حکم پر جمال خاشقجی کو قتل کیا گیا لیکن انہوں نے اس الزام کی تردید کی۔