لاس اینجلس (جیوڈیسک) برطانوی اداکار ڈینئیل کریگ نے تصدیق کی ہے کہ وہ جیمز بانڈ سیریز کی اگلی فلم میں دوبارہ اس کردار میں نظر آئیں گے۔ خیال رہے کہ فلم سپیکٹر کے بعد انہوں نے آئندہ جیمز بانڈ فلموں میں کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ جیمز بانڈ بننے سے بہتر ہے کہ اپنی کلائی کاٹ لیں۔ تاہم اب ایک امریکی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے ڈینئیل کریگ نے اگلی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جی ہاں! میں اپنے ناظرین کو اس کردار میں دوبارہ نظر آؤں گا۔
خیال رہے کہ ڈینئیل کریگ اس سے پہلے چار بانڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں، جنہوں نے باکس آفس پر کامیابیوں کے ریکارڈ توڑے تھے۔ فلمی شائقین انھیں اس کردار میں بے حد پسند کرتے ہیں۔ جب انہوں نے دوبارہ کبھی جیمز بانڈ کا کردار ادا نہ کرنے کا اعلان کیا تو ان کے مداحوں میں مایوسی چھا گئی تھی۔ یہ جیمز بانڈ سیریز کی پچیسویں فلم ہو گی جو نومبر 2019ء میں ریلیز کی جائے گی۔
ڈینئیل کریگ ساتویں اداکار ہیں جنہوں نے جیمز بانڈ کے لافانی کردار کو بخوبی نبھایا۔ ان سے قبل شین کونری نے 1962ء سے 1983ء تک لگاتار 7 فلموں میں یہ کردار نبھایا۔ ان کی آخری فلم نیور سے نیور اگین تھی۔ اس کے بعد سر راجر مور 1973ء سے 1985ء تک جمیز بانڈ بنے۔ ڈیوڈ نائیون اور جارج لیزنبی نے ایک ایک مرتبہ اس کردار کو نبھایا جبکہ ٹموتھی ڈالٹن 1987ء میں ریلیز ہونے والی فلم دی لیونگ ڈے لائٹ اور 1989ء میں لائسنس ٹو کل میں نظر آئے۔
اس کے بعد پائرس بروسنن نے جمیز بانڈ کا کردار نبھایا۔ انہوں نے دی ورلڈ از ناٹ انف، ڈائی ایندر ڈے، ٹومارو نیور ڈائز اور گولڈن آئی میں کام کیا۔ اس کے بعد ڈینئیل کریگ نے 2006ء میں جمیز بانڈ کا کردار نبھایا اور ناظرین میں مقبولیت حاصل کی۔ ڈینئیل کریگ اب تک کسینو رائل، کوانٹم آف سولیس، سکائی فال اور سپیکٹر میں یہ کردار ادا کر چکے ہیں۔