کولمبو (جیوڈیسک) آسٹریلیا کے آل راﺅنڈر جیمز فالکنر ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ہیٹ ٹرک بنانے والے بولرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
جیمز فالکنر نے سری لنکا کیخلاف میچ کے 2 اووروں میں تین کھلاڑیوں کو مسلسل گیندوں پر آﺅٹ کیا۔ 26 سالہ لیفٹ آرم پیسر نے اپنی پہلی وکٹ اننگز کے 46ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کی، جب انہوں نے سری لنکن بلے باز کوشل پریرا کو ایل بی ڈبلیو کیا۔
اس کے بعد 48ویں اوورز میں دوبارہ آسٹریلوی کپتان نے انھیں گیند تھمائی، جب انھوں نے اپنی ابتدائی دو گیندوں پر 2 شکار کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
جیمز فالکنر کے ہاتھوں دوسرے کھلاڑی اینجیلو میتھیوز نشانہ بنے۔ موئسس ہینرکس نے ان کا کیچ لیا۔ اس سے اگلی ہی گیند پر تھشارا پریرا بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔