جامعہ بنوریہ عالمیہ، رمضان کے آخری عشرے میں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا جائے گا

Aitekaf

Aitekaf

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کی جامع مسجد محمدی میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا جائے گا۔

جس میں جید علماء کرام کے بیانات اور اصلاحی مجالس کے ذریعے سے معتکفین کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی زیرصدارت اجلاس میں مختلف مساجد کے ائمہ کرام اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے اساتذہ و دیگر افراد موجود تھے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبار ک کی عبادتوں میں سے اہم ترین عبادت اعتکاف بھی ہے۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اللہ کے گھر آکر مستقل عید کا چند نظر آنے تک ٹھہر جانے اور ان اوقات کو عبادات میں صرف کرنے کا نام اعتکاف ہے ، جس کا اہتمام اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال کیا کرتے تھے ، انہوںنے کہاکہ امت مسلمہ کی حالت زار ہے باالخصوص وطن عزیز آئے روز بحرانوں کے نرغے میں ہے اور حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف اور غریب ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں ایسے وقت میں ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ سے گناہوں کے معافی اور پوری امت مسلمہ باالخصوص ملکی مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

اسی کے پیش نظر طویل مشاورت کے بعد جامعہ بنوریہ عالمیہ نے اجتماعی اعتکاف کا فیصلہ کیا ہے جس میں پوری امت مسلمہ باالخصوص ملکی مسائل کے حل کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا، آخری عشرے کا مسنون اعتکاف اور تین روزہ اعتکاف کے خواہش مند حضرات جامعہ بنوریہ عالمیہ میںرابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیںنیز درجہ ذیل نمبرز021-32560300,021-32560400را بطہ کر کے بھی اپنی رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے۔