کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس 13 نومبر کو طلب کیا گیا ہے اجلاس کے ایجنڈے میں کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں چیئرمین کے عہدے پر خلاف ضابطہ مقرر ریٹائر پروفیسر کے معاملے کی منظوری شامل کرلی گئی ہے۔
رئیس کلیہ انتظام وانصرام کے اختلافی نوٹ کے ساتھ شعبہ کامرس میں پروفیسرکے عہدے پر ترقی کے لیے سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی روداد اجلاس پیش کی جائے گی، وائس چانسلر نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں پروفیسر عبدالرحمن ذکی کو ریٹائرمنٹ کے بعد چیئرمین مقرر کیا ہے۔
جس کی توثیق کرائی جارہی ہے ، سینئر پروفیسرزکا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی توثیق سے جامعہ میں چیئرمین کے عہدے پر بھی ریٹائر پروفیسرز کے تقررکی روایت قائم ہوگی جامعہ کراچی میں ڈائریکٹر فنانس، شیخ الجامعہ کے مشیر اور انجمن اساتذہ کے سابق صدر بھی ریٹائر ہیں۔
اجلاس میں گریڈ 17 اور 18 کے 37 ملازمین کو سلیکشن بورڈ کے بغیر براہ راست مستقل کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے، اجلاس میں یونیورسٹی کی فیکلٹی آف آرٹس کانام تبدیل کر کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز رکھنے کی منظوری دی جائے گی نام کے تبدیلی کی منظوری بورڈ آف فیکلٹی اور اکیڈمک کونسل پہلے ہی دے چکے ہیں۔
اجلاس میں جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانیٹری سائنس (اسپا) کی سیمینار لائبریری کا نام ’’ارشاد احمد خان آفریدی سیمینار لائبریری‘‘ رکھنے پر غور ہوگا ، شعبہ معاشیات میں پروفیسر خالد مصطفی اور شعبہ اطلاقی کیمیا میں پروفیسر مہدی کاظمی اورشعبہ جرمیات میں پروفیسر فتح محمد برفت کو چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی جائے گی، بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں پروفیسر جمیل کاظمی اور پروفیسر احمد قادری کی جگہ سینڈیکیٹ کے نامزد پروفیسرکی تقرری کی جائے گی۔