لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ جمعیت کا آپریشن متاثرین کے لئے چلایا جانے والا عید کاررواں امید کی کرن ثابت ہوگا۔ ملک بھر سے کارکنان جمعیت عید گفٹس اور تعلیمی ضرورت کی چیزیں لے کر آئی ڈی پیز کے ہمراہ عید منائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جمعیت کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ مشکل کی اس گھڑی میں وزیرستان کے طلبہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
طلبہ کا تعلیمی نقصان کم کرنے کے لئے جمعیت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ کارکنان اپنی عید کی خوشیاں متاثرین کے ساتھ منا کر انہیں امید کا پیغام دیں گے اور پوری قوم کی جانب سے یک جہتی ، پیار اور محبت کا پیغام دیں گے۔ قوموں کی ترقی اور کامیابی کی ضامن ہوتی ہے مگر اس نگاہیں چرانا اور اسے نظر انداز کر دینا مجرمانہ غفلت کا مظاہر ہ ہے ۔حکومت متاثرہ طلبہ اور طالبات کے تعلیمی نقصان کا فی الفور ازالہ کرے۔ میڑک اور انٹر کے طلبہ اور طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہو رہا ہے لیکن اس طرف کسی بھی قسم کی توجہ نہ دینا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ آپریشن سے متاثرہ طلبہ کے لئے فی الفور ایمرجنسی تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں تاکہ ان کا تعلیمی سفر جاری رہ سکے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام فری کوچنگ سینٹرز اور اسٹڈی سینٹرز ایک اہم پیش رفت ہے۔