لاہور ( سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ شمالی وزیر ستان میں آپریشن سے متاثرہ طلبہ کی تعلیمی بحالی تک جمعیت ریلیف کا کام جاری رکھے گی، ان طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اسٹڈی کیمپس کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کا تعلیمی نقصان ناقابل تلافی اور برادشت سے باہر ہے ، حکومتی سطح پر طلبہ کی بحالی کے لئے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔
جو کہ شرمناک اور ناقابل افسوس عمل ہے کارکنان جمعیت اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے طلبہ کی امداد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ تعلیم ، طلبہ کا بنیادی حق ہے اس حق سے قوم کے نوجوانوں کو محروم رکھنا حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے جو قوم کے مستقبل کے ساتھ گھنائونا مذاق ہے۔
زبیر حفیظ نے مزید کہا کہ آج (بروز ہفتہ) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام طلبہ میں سکول بیگز ، کتابیں ، ضروری سامان اور خصوصی وظائف تقسیم کئے جائیں گے۔ جمعیت کا رضاکاروں کا پہلا گروپ آج تعلیمی معاونت کا سامان تقسیم کرے گا۔ اسلامی جمعیت طلبہ، تعلیم سے کرنی ہے تعمیر پاکستان کے سلوگن کے تحت طلبہ کی بحالی اور امداد کی مہم جاری رکھے گی۔