کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام نے یونین کمیٹی نمبر 8 ناتھا خان گوٹھ میں عوام دوست پینل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حلقے میں موجود اپنے ووٹروں اور غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ یونین کمیٹی نمبر 8 ناتھا خان گوٹھ سے اُمیدوار برائے چیئر مین فضل بھائی اور وائس چیئر مین ڈاکٹر محمد بنارس کو کامیاب کرایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ضلع کورنگی کے جنرل سیکریٹری مفتی معین الرشید نے یونین کمیٹی نمبر 8 سے وائس چیئر مین کے اُمیدوار پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماء ڈاکٹر محمد بنارس سے ملاقات میں کیا اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ یونین کمیٹی نمبر 8کے وارڈ نمبر 1 اور 3 پر بھی جے یو آئی عوام دوست کونسلرز کی حمایت کریگی ۔تفصیلات کے مطابق ناتھا خان گوٹھ سمیت ملحقہ آبادیوں میں مقیم مختلف برادریوں ،سیاسی و سماجی تنظیموں اور جمعیت علماء اسلام کی حمائت کے بعد یونین کمیٹی نمبر 8 میں عوام دوست پینل کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
جمعیت علماء اسلام ضلع کورنگی کے جنرل سیکریٹری مفتی معین الرشیدنے ناتھا خان گوٹھ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5 دسمبر 2015ء کو یونین کمیٹی نمبر 8 سے چیئر مین وائس چیئر مین اور وارڈ نمبر 1 اور 3 میں انتخابی نشان تیر پر مہر لگا کر اپنے علاقائی مسائل سے چھٹکارہ اور علاقائی ترقی کے لئے عوام دوست اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا ئیں ،اس موقع پر ملاقات میں عوام دوست وائس چیئر مین کے اُمیدوار ڈاکٹر محمد بنارس نے یونین کمیٹی نمبر 8 میں عوام دوست پینل کی حمایت پر جمعیت علماء اسلام ضلع کورنگی کے جنرل سیکریٹری مفتی معین الرشیدسے اظہار تشکر کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا حمایت پر تہہ دل سے شکریہ اداکیا۔