لیہ ( نامہ نگار ) جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت میں پیر محمد محفوظ مشہدی، پیر ناصر جمیل ہاشمی، محمد خان لغاری، سید محمد صفدر شاہ اور آغا ذوالفقار پر مشتمل جے یو پی کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کے مشیر ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبداللہ العمار اور ایرانی سفیر علی رضا حقیقیان سے اسلام آبادمیں ملاقات کی اور یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دونوں شخصیات کو جمعیت علمائے پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کی متفقہ رائے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کاتقدس ہرمسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے تحفظ کیلئے صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کا ہر مسلمان سینہ سپر ہے اور اس کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگاانہوں نے کہا کہ قرآن کے حکم کے مطابق تمام مسلم ممالک پر بالعموم اور پاکستان پر بالخصوص لازم ہے کہ وہ اس جنگ میں مصالحانہ کردار ادا کریں اور قرآن کے حکم کے بموجب دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ صلح کی کوشش کریں کیونکہ دشمنان اسلام کا ہمیشہ سے طریقہ رہا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں کو آپ میں لڑا کر اپنے مفادات حاصل کئے ہیںاور مسلمانوں کو کمزور کیا ہے یمن میں بھی دشمنان اسلام کی یہی سازشیں ہورہی ہیں کہ مسلمانوں کو آپ میں لڑا کر ان کو کمزور کیا جائے اور ان کے وسائل پر قبضہ کیا جائے لہذا پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس جنگ کے اندرمصالحاتی کردار ادا کر کے اس کو ختم کرانے کی کوشش کرے اور دشمنان اسلام کے عزائم کو ناکام بنائے۔