راولپنڈی (یاسر رفیق) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین سلیم ہارون کا بھوک ہڑتال کا اعلان۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت وریاستی دہشت گردی اوربھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام نہ رُکوانے پر اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ کے خلاف جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین جناب سلیم ہارون نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر26اگست جمعة المبارک سے تین روزہ علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔ 25 اگست کو ہجیرہ راولاکوٹ میں احتجاجی جلسہ ، 26 اگست کو آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور بھوک ہڑتالی کیمپ کے ساتھ اظہار یکجہتی ۔ یکم ستمبر کو منڈھول کوٹلی میں شہدائے کانفرنس، 5ستمبر کو مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے ایک روزہ بھوک ہڑتال، 4اکتوبر یوم ِ جمہوریہ کے موقع پر مظفر آباد میں ” ریفرنڈم مارچ” کے علاوہ 5 ستمبر سے2 اکتوبر تک آزاد کشمیر بھر میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان رفیق ڈارکے مطابق پارٹی کے سنٹرل انفارمیشن آفس چاندنی چوک میں ایک ہنگامی اعلیٰ سطحی اجلاس سینئر وائس چیئرمین جناب عبدالحمید بٹ صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وائس چیئرمین حافظ انور سماوی ، وائس چیئرمین سلیم ہارون ، وائس چیئرمین عابد گلگتی ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی ، سپریم کونسل کے ممبر منظور احمد خان ،مرکزی رہنما سردار آفتاب احمد ، اسٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے چیئرمین جلیل فرید، شعبہ خواتین کی کنوینر طاہرہ توقیر، مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈارکے علاوہ کئی مبصرین بھی شریک تھے۔مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شرکاء نے جذبہء آزادی سے سرشارکشمیری عوام کے ہمت و حو صلے کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اب کشمیری قوم کی مقدربن چکی ہے اور بھارت زیادہ دیر طاقت کے بلبوتے پر کشمیرپر قابض نہیں رہ سکتا۔
ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مدء نظر رکھتے ہوئے بھارتی بربریت وریاستی دہشت گردی اوربھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام نہ رُکوانے پر اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ کے خلاف وائس چیئرمین سلیم ہارون کی قیادت میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت 26اگست جمعةالمبارک کو بعد از نماز ظہردن 3 بجے سے تین روزہ علامتی بھوک شروع کریں گے جو 28 اگست اتوار شام مغرب کی نماز تک جاری رہیگی۔یہ علامتی بھوک ہڑتال نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ہوگی جس میں پارٹی کے دیگر مرکزی رہنما اور کارکنان بھی شریک ہوں گے۔ اس دوران اسلام آباد میں قائم اقوام متحدہ کے مبصرین کو یاداشت بھی پیش کی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق میٹنگ میں آزاد کشمیر گلگت بلتستان و پاکستان سمیت بیرون ریاست بالخصوص سمندر پار زونزیورپ ، برطانیہ ، امریکہ اور گلف زون میں بھی بھارتی مظالم اور اقوام عالم بالخصوص اقوام متحدہ کی بے حسی کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپس لگائے جانے کے علاوہ آزاد کشمیر گلگت بلتستان و پاکستان بھر میں بھی صدائے احتجاج بلند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی روشنی میں جمعرات 25 اگست کو ہجیرہ راولاکوٹ میں ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا۔ 26 اگست جمعة المبارک کے روز بعد از نماز جمعہ آزاد کشمیر میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور اسلام آباد میں منعقد بھوک ہڑتالی کیمپ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ یکم ستمبر کو منڈھول کوٹلی میں شہید امتیاز جھنگوی اور شہید بابا حاکم دین کی برسی پر شہدائے کانفرنس ہوگی۔ 5 ستمبر بروز پیر مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال ہوگی جو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہیگی جس دوران اقوام متحدہ کے مبصرین کو یاداشت بھی پیش کی جائیگی۔ 4اکتوبر یوم جمہوریہ کے موقع پر مظفر آباد میں ہی ” ریفرنڈم مارچ ” کیا جائیگا۔ جبکہ مظفر آباد سے ہی 5ستمبر سے2 اکتوبرتک آزاد کشمیر بھر میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائیگی۔ ان فیصلوں کے علاوہ سینئر وائس چیئرمین جناب عبدالحمید بٹ صاحب نے ہدایت جاری کی کہ اس دوران پارٹی کی طلباء ونگ اور خواتین ونگ بھی ان ہی خطوط کے اندر اندراحتجاجی پروگرام جاری رکھیں۔
دریں اثناء میٹنگ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون میں برسلز برانچ کے صدر جناب شبیر احمد جرال کے والد محترم صوفی بَلقیس کے وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور شبیر احمد جرال سمیت دیگر لواحقین کے حق میں صبر ِ جمیل کی دعا کی گئی۔ مرحوم کل ضلع بھمبر گاؤں جبھی میںوفات پا چکے تھے۔ ا ن ہی خیالات کا اظہار یورپ زون کے صدر جناب تنویر احمد چوہدری اور جنرل سیکریٹری مسعود اقبال میر سمیت یورپ زون کے دیگررہنماؤں نے بھی کیا۔