سرینگر (جیوڈیسک) بھارتی فوج نے پاکستان ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات کی پاداش میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو گرفتار کرلیا ہے، آسیہ اندرابی کو پہلے گھر میں نظر بند کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد انہیں آرام باغ تھانے منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب کوکر ناگ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے خلاف چوتھے روز بھی ہڑتال ٗدکانیں ٗ کاروباری ادارے بند ٗ سڑکیں ویران رہیں ٗ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے پولیس اور نیم فوج دستوں کی تعیناتی ۔ تفصیلات کے مطابق کوکرناگ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کے قتل کے موقع پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے کئی جگہوں پر پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری تعداد تعینات کی گئی تھی ہڑتال کی وجہ سے عام زندگی بری طرح سے متاثر رہی۔ اس مو قع پر حریت پسند رہنما بھی موجود تھے جس کے دوران اسلام اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔
بھارتی فوج کا مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ، متعدد زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ غیر ریاستی باشندوں کو کشمیرمیں بسانے کا منصوبہ اور طالب علموں کو ہراساںاور گرفتار کرنے کا سلسلہ ترک نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس سرینگر میںکانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری غلام نبی سمجھی کی صدارت میں ہوا جس میں واضح کیا گیا کہ جموں وکشمیر میں ہر فرد کے پاس اپنا گھر ہے اور یہاں کا کوئی باشندہ بے گھر نہیں ہے جبکہ بھارتی حکومت بے گھر افراد کی آباد کاری کے نام پر یہاں غیر ریاستی باشندوں کو بسانا چاہتی ہے۔
فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے مسئلہ کشمیر سے متعلق صدر پاکستان ،وزیر خارجہ اور پاکستانی سفیر عبدالباسط کے بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو یورپی یونین ، او آئی سی اور دنیا کے تمام ممالک کا تعاون حاصل کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں بہتری لانی چا ہیے ۔ شبیر شاہ نے واضح کیا کہ جموں کشمیر باشندے مراعات یا مفادات کے حصول کے لئے اپنی جانیں نہیں لٹارہے بلکہ ایک ایسا مشن ہے جس کا واحد مقصد حق خود ارادیت کا حصول ہے ۔ این این آئی کے مطابق آسیہ اندرابی کی ساتھی فہمیدہ صوفی کو بھی پکڑ لیا۔