اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا محمد نفیس زکریا نے پاکستان میں مقیم کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی کے نام خصوصی مراسلے میں مزید لکھا ہے کہ کشمیری بھائیوں کے مدد کے لئے ہمارے پاس مختلف آپشنزموجود ہیں حکومت پاکستان کشمیری بھائیوں کے دکھ اور درد میں شامل ہے۔
مجھے یقین ہے کہ کشمیری بھائیوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے اظہار ہمدردی اور مدد کی پیشکش کا پیغام بھی دیکھا ہو گا۔انہوں نے لکھا ہے کہ غلام محمد صفی کے پیغام سے کشمیر کی صورتحال کا انداز ہ ہوتا ہے ۔پاکستان کے عوام، حکومت اور دفتر خارجہ سیلاب جیسی قدرتی آفت کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
محمد نفیس نے لکھا ہے وزیراعظم کے مشیر خارجہ امور سرتاج عزیز ،معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری، ایڈیشنل فارن سیکرٹری محسن رضا کی ایما پر میں یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے عوام اور حکومت آپ کے ساتھ ہیں ہم قیمتی جانی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جن خاندانوں کے افراد اس قدرتی آفت کی نذر ہوئے ان سے ہمیں گہری ہمدردی ہے ہمارے دل آپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔اﷲ تعالیٰ ہماری مدد کرے اور ہمیں اس آزمائش سے نکالے۔