جمرود : نیٹو کنٹینرز پر فائرنگ، 6 ڈرائیورز جاں بحق

Jamrud Firing

Jamrud Firing

جمرود (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی کے علاقے شاہ گئی میں نیٹو کنٹینرز پر شدت پسندوں کا حملہ، 6 ڈرائیورز جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے، شدت پسندوں نے 2 نیٹو کنٹینرز کو بھی آگ لگا دی۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں دہشت گردوں کی جانب سے نیٹو کنٹینرز پر راکٹ حملے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

خاصہ دار فورس کے مطابق نیٹو کنٹینرز اتحادی فوج کیلئے سازو سامان لے کر افغانستان کی جانب رواں دواں تھے کہ تحصیل جمرود کے علاقے شکئی میں نامعلوم شدت پسندوں نے نیٹو کنٹینرز پر راکٹوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ڈرائیورز اور کلینرز سمیت 6 افراد موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

راکٹ حملے سے 2 کنٹینرز کو آگ لگ گئی جس کے بعد خاصہ دار فورس اور حملہ آوروں کے درمیان آدھے گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا جس کے باعث پاک افغان شاہراہ کو بند کر دیا گیا۔ واقعہ میں زخمی افراد کو فوری طور پر پشاور ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔