جمشید دستی کا پارلیمنٹ لاجز میں شراب، چرس اور خواتین لانے کا الزام

Jamshed Dasti

Jamshed Dasti

اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ لاجز میں کروڑوں روپے کی شراب اور لڑکیاں لائی جاتی ہیں وہ ثبوت دے سکتے ہیں، ایسے ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے قومی اسمبلی اجلاس میں جمشید دستی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ لاجز میں سالانہ چار سے 5 کروڑ کی شراب لائی جاتی ہے، لاجز میں ہر وقت چرس کی بو آتی ہے، مجرے کے لیے لڑکیاں لائی جاتی ہیں،وہ اسپیکر کو ثبوت دیں گے، ایسے ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے، ارکان کا ٹیسٹ کرایا جائے، اس پر چیئرپرسن نعیمہ کشور نے کہا کہ یہ معاملہ اسپیکر چیمبر میں آ کر بتائیں اور ثبوت دیں، اس کے بعدانہوں نے جمشیددستی کامائیک بند کرادیا۔

وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ پی آئی اے کے 9 جہاز کھوکھے بن چکے ہیں اس وقت صرف 25 جہاز قابل استعمال ہیں جبکہ لیز پر لیے گئے چار جہازوں کی لیز 31 مارچ 2014 تک بڑھا دی گئی ہے۔

ریلوے اراضی واگزار کرانے سے متعلق ایک سوال پر وزیر ریلوے سعد رفیق نے بتایا کہ کراچی میں جمعہ گوٹھ کی کچی آبادی بہت بڑا مسئلہ ہے ساڑھے چار ہزار متاثرین کو مکانات بنا کر دینا بڑا مسئلہ ہے۔