لاہور (جیوڈیسک) رکن قومی اسمبلی جمیشد دستی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی خدمات ایک سیاسی کارکن کے طور پر عمران خان کے لیے پیش کریں گے۔ لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ وہ عمران خان کی دعوت پر لاہور آئے ہیں۔
جمشید دستی نے کہا کہ پولیس نے انہیں لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور وہ رکشے پر سوار ہو کر عمران خان کے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ قصور میں لانگ مارچ میں شرکت کے لیے جانے والے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے قافلے کو روک لیا گیا تھا۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ اُن کے قافلے کو مظفرگڑھ میں بھی روکا گیا اور پولیس اہلکاروں نے اُن سے بدتمیزی بھی کی۔ بعد میں قصور کے قریب انہیں دوبارہ روک لیا گیا اور سڑک کنٹینر لگا کر بند کردی گئی۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ انہیں یا ان کے قافلے کے کسی بھی فرد کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران ایک طرف تو مذاکرات کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف اوچھے ہتھکنڈے بھی استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی حرکتیں بتارہی ہیں کہ اب حکومت کے زیادہ دن نہیں رہ گئے ہیں۔