کراچی (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے جو کہا اس طرح کی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے، ایک دوسرے کے ذاتی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔
ائر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اسے سیاستدانوں کو حل کرنا چاہیئے۔
اس ضمن میں تمام سیاسی رہنماؤں کو ایک لائن لینی پڑے گی اور مل کر شہر میں امن کے لئے کام کرنا ہو گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جمشید دستی نے جو کہا اس طرح کی باتیں کرنے کا وقت نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے۔
ایک دوسرے کے ذاتی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔ ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے معاملے میں نے یوٹرن نہیں رائٹ ٹرن لیا ہے۔ مشرف کا معاملہ ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری قوم کا معاملہ ہے۔
سیاچن میں ڈیوٹی دینے والے سپاہی کو پتہ چلے گا کہ ان سپہ سالار غدار نکلا تو وہ یہ سمجھے گا کہ اس کا سپہ سالار انڈیا سے مل گیا ہے اس لئے آئین سے غداری کے لفظ کو آئین شکنی میں تبدیل ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل بگڑ چکا ہے دیکھیں اب کیا ہوتا ہے۔