جامشورو: پولیس کی کارروائی، 3 افراد گرفتار، 60 کلو بارودی مواد برآمد

Jamshoro

Jamshoro

جامشورو (جیوڈیسک) جامشورو پولیس نے رات گئے سپرہائی وے پر کارروائی کی۔ ایک رکشے سے 60 کلو گرام بارودی مواد اور 13 سو ڈیٹو نیٹرز برآمد کیے اور 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہے۔ ایس ایس پی جامشورو نعیم شیخ نے صحافیوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ جامشورو پولیس نے حیدرآباد کے علاقے ہالہ ناکہ میں کامیاب کارروائی کی ہے۔

خفیہ اطلاع پر ہالہ ناکہ سے کراچی جانے والے رکشے پر سپر ہائی وے پولیس چوکی نمبر 13 کے قریب چھاپا مار کر 3 ملزمان شیر بہادر ، فرین شاہ اور جبار شاہ کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 60 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور 13 سو ڈیٹو نیٹرز سمیت دیگر سامان برآمد ہوا۔ پولیس کے دعویٰ کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہے جو دہشتگردی کی بڑی کارروائی کا منصوبہ رکھتے تھے۔