17 جنوری کا احتجاج 1 روزہ ہو گا: طاہر القادری

Tahir-ul-Qadri

Tahir-ul-Qadri

لاہور (جیوڈیسک) متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ 14 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں۔ عوامی تحریک نے اعلان کیا ہے کہ حصول انصاف کیلئے احتجاج کا آغاز مال روڈ سے ہو گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری کہتے ہیں 17 جنوری کا احتجاج ایک دن کا ہو گا، اگلے لائحہ عمل کا اعلان 17 جنوری کو کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج دھرنے میں بھی تبدیل ہو سکتا ہے تاہم، فیصلہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

عمران خان کا کنٹینر تیار
دوسری جانب، مال روڈ پر احتجاج کیلئے تحریک انصاف نے نیا کنٹینر تیار کر لیا ہے۔ کنٹینر میں عمران خان کے رہنے اور اجلاس کیلئے کمرہ بنایا گیا ہے۔ ڈیڑھ کروڑ کی لاگت سے تیارکردہ کنٹینر میں وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے۔ کنٹینر میں فریج، اے سی، ٹی وی اور دیگر سہولتیں بھی میسر ہوں گی۔

مال روڈ پر سٹیج کی لمبائی 80 فٹ اور چوڑائی 40 فٹ ہو گی۔ ریگل چوک تک پنڈال میں 30 ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی۔ جی پی او چوک تک لائٹس اور ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا جائے گا۔ پنڈال میں 5 سکرینیں لگائی جائیں گی۔ جلسے کے حوالے سے کل ایکشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہو گا۔

آصف زرداری کا اعلان
صدر پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا ہے کہ پی پی پی 17 جنوری کے احتجاج میں شرکت کرے گی اور حصول انصاف کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ 17 جنوری کو حکومت کیخلاف مال روڈ پر پہنچیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف دلوا کر رہیں گے، شہباز شریف کی حکومت اب نہیں چل سکتی۔