کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جنگ گروپ کے پبلشر میر جاوید الرحمان رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ میر صحافت میر خلیل الرحمان کے بڑے صاحبزادے میر جاوید الرحمان کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ڈاکٹرز نے ان کو پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔
جنگ میڈیا گروپ کے بانی میرکارواں میر خلیل الرحمان کے بڑے بیٹے کی حیثیت سے میر جاوید الرحمان کو اپنے والدکی طرف سے صحافت اورسچ اور آزادی اظہار رائے جیسا جوش و جذبہ وراثت میں ملا۔
میرجاوید الرحمان کی رہ نمائی اور سربراہی میں جنگ گروپ پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ بن گیا جس کے تحت کئی اخبارات، رسائل اور ٹی وی چینلز کام کررہے ہیں۔
یہ بے باک صحافتی ادارہ مختلف قوتوں کے متعدد حملوں سے نبرد آزما رہا ہے، جنگ گروپ معاشی دباؤ اور جبر کے باوجود عوام کی خدمت اور عوامی رائے کو جاری رکھا۔
جنگ میڈیا گروپ کے بقا کا راز پیشہ ور صحافی، تجزیہ کاروں اور کالم نگاروں کی ایک بڑی تعداد ہے جو آزادی اظہار رائے کو دبانے اور ارباب اقتدار کے سامنے سچ بولنے کی کوشش کرتی ہے اور دباؤ کی مزاحمت کرتے ہیں۔
جنگ گروپ انتظامیہ اپنے گروپ میں بحث و مباحثے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور ایسا ماحول پیدا کرتی ہے جہاں دباؤ کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ مرحوم میر جاوید الرحمان کے چھوٹے بھائی میر شکیل الرحمان ان دنوں ایک بے بنیاد کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔
گزشتہ روز انہیں اپنے علیل بھائی سے ملاقات کے لیے کراچی جانے کی اجازت دینے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم نیب حکام ان کو کراچی لے کر نہیں پہنچے اور وہ آخری دنوں میں اپنے بھائی میر جاوید الرحمان سے نہ مل سکے۔