جاپان میں زلزلے سے 9 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی

Earthquake

Earthquake

ٹوکیو (جیوڈیسک) جاپان کے مغربی جزیرے میں زلزلے سے ابتدائی طور پر 9 افراد ہلاک اور 800 کے قریب زخمی ہوگئے جب کہ متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے جنوب مغربی جزیرے میں 6.5 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جب کہ 800 کے قریب زخمی ہوگئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں بھی مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں جب کہ زلزلے سے پیش آنے والے واقعات میں زخمی افراد میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زمین بوس ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ کے تاہم ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے جب کہ امدادی کارروائیوں کے دوران اہلکاروں نے ملبے سے 8 ماہ کی بچی کو زندہ نکال لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران علاقے سے 44 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جاپان کے زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیر زمین تھی جب کہ آئندہ ایک ہفتے تک اس کے مزید آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2011 میں جاپان میں زلزلے کے باعث آنے والے سونامی کی وجہ سے 18 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔