جاپان کی معیشت میں گراوٹ، جلد انتخابات کا امکان

Japan

Japan

جاپان (جیوڈیسک) دنیا تیسری سب سے بڑی معیشت جاپان میں لگاتار دوسری سہ ماہی میں امید کے برعکس گراوٹ درج کی گئي ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم قبل از وقت انتخابات کا اعلان کریں گے۔ تیسری سہ ماہی میں گراوٹ کی وجہ سے ماہرین کے مطابق معیشت میں ایک قسم کی تکنیکی گراوٹ آئی ہے۔

جاپان کی مجموعی پیداوار جولائی سے ستمبر کے دوران 2.1 فیصد کے اضافے کی تخمینے کے برعکس 1.6 فیصد نیچھے چلی گئی ہے۔ اس کے بعد دوسری سہ ماہی میں معاشی ترقی کے فروغ کا نیا تخمینہ 3۔7 فی صد کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مارچ سنہ 2011 میں زلزلے اور سونامی کے نتیجے میں جاپان کی معیشت میں آنے والی ترقی میں کمی کے بعد یہ سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور معاشی اعداد و شمار کے نتیجے میں سیلز ٹیکس میں اضافے میں تاخیر کا امکان سامنے آیا ہے۔ ایسے میں یہ کہا جا رہا ہے جاپانی وزیر اعظم شنزو ایبی جلد انتخابات کرائیں گے تاکہ سیلز ٹیکس کے اضافے میں تاخیر کی جا سکے۔ واضح رہے کہ جاپان میں انتخابات سنہ 2015 میں ہونے والے تھے۔

سنہ 2012 میں سابقہ حکومت نے سیلز ٹیکس کو دس فیصد تک کرنے کے لیے قانون منظور کیا تھا تاکہ جاپان کے زبردست سرکاری قرض پر روک لگائی جا سکے۔ ترقی یافتہ ممالک میں جاپان سب سے زیادہ مقروض ملک ہے۔ اپریل میں سیلز ٹیکس میں اضافے کے پہلے مرحلے میں ٹیکس کو پانچ فی صد سے بڑھا کر آٹھ فی صد کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے دوسری سہ ماہی میں ترقی کی شرح متاثر ہوئي تھی اور اب بھی اس کا اثر معیشت پر نظر آ رہا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق تیسری سہ ماہی میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے ترقی کی شرح میں 4۔0 فی صد کی کمی درج کی گئی ہے۔ حالیہ معاشی اشاریے جاپان کی سست رو معیشت کی جانب اشارہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹیکس میں اضافے پر سوالیہ نشان لگتا نظر آ رہا ہے۔

سینيئر ماہر معاشیات گلین لیون نے کہا: ’جاپان کی معیشت تنزلی کا شکار ہے اور اس میں چار میں سے تین سہ ماہی میں گراوٹ نظر آئی ہے۔ ’اس کے لیے دسمبر میں قبل از وقت انتخابات ہی ایسا راستہ ہے جس کے ذریعے عوام ٹیکس میں اضافے میں تاخیر کے لیے ووٹ دے سکتے ہیں۔‘

اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم آئندہ ماہ انتخابات کرائے جانے کی بات کہیں گے۔ واضح رہے کہ دو سال قبل ہی انھوں نے وزرات عظمی کا عہدہ سنبھالا ہے۔ کل یعنی منگل تک شنزو ایبی انتخابات کا اعلان کریں گے جو 14 دسمبر کو ہو ں گے۔