بیروت (جیوڈیسک) جنگجو تنظیم داعش نے وڈیو جاری کی ہے جس میں دو جاپانی شہریوں کو یرغمال دکھایا گیا ہے اور ان کی رہائی کے بدلے میں جاپانی حکومت سے 200 ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
شام اور عراق میں سرگرم جنگجو تنظیم داعش نے منگل کو انٹرنٹ پر ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں دو افراد کو گھٹنوں کے بل بیٹھا ہوا دکھایا گیا اور کہا گیا ہے کہ یہ دونوں افراد جاپان کے شہری ہیں۔
وڈیو میں نقاب پوش شخص خنجر تھامے کھڑا انگریزی زبان میں جاپان کی حکومت سے مخاطب ہوکر کہہ رہا ہے کہ اگر اس نے 72 گھنٹوں کے اندر 200 ملین ڈالر ادانہیں کئے تو اس کے دونوں شہریوں کو قتل کر دیا جائے گا۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد جاپان کے وزیراعظم جو ان دنوں مشرقی وسطیٰ کے 6 روزہ دورے کے سلسلے میں مقبوضہ بیت المقدس میں ہیں، اپنے ایک بیان میں داعش کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدام کئے جائیں گے تاہم جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ وڈیو کی اصل ہونے کی تصدیق کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل جنگجو تنظیم داعش کے خلاف کارروائیاں کرنے والے ممالک کے لیے جاپان کے وزیراعظم نے 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔