جاپان : ایوان بالا کیلئے انتخابی مہم شروع، ووٹنگ21 جولائی کو ہو گی

Japan

Japan

ٹوکیو (جیوڈیسک) جاپانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے انتخابات کیلئے انتخابی مہم شروع ہو گئی ہے، انتخابات21 جولائی کو ہوں گے۔جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے کی حکمراں جماعت لبرل ڈیموکریٹ کیلئے یہ انتخابات ریفرنڈم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ مسٹر ایبے کی جماعت کو ایوان زیریں میں اکثریت حاصل ہے اور اگر لبرل ڈیمو کریٹک پارٹی، سینیٹ میں اکثریت میں آ جاتی ہے تو اسے کوئی بل منظور کرانے میں ڈیڈلاک کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

جبکہ اس وقت اپوزیشن حکومتی بل روکنے کی پوزیشن میں ہے۔ ان انتخابات میں ایوان کے 242میں سے نصف ارکان کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس وقت ایوان زیریں میں حکمراں جماعت اور ایوان بالامیں اپوزیشن کو اکثریت حاصل ہے جس کی بنا پر پارلیمنٹ کو ٹوئسٹڈ Twisted یا بٹی ہوئی پارلیمنٹ کہا جاتا ہے۔ مسٹر ایبے کی معاشی اصلاحات کی بدولت ان کی پارٹی کو عوام کی مزید حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کو توقع ہے کہ مسٹر ایبے کی جماعت سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لے گی۔