جاپان کا بھارت میں 35 ارب ڈالر انویسٹ کرنے کا وعدہ ، جوہری معاہدہ نہ ہو سکا

Tokyo

Tokyo

ٹوکیو (جیوڈیسک) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اقتدار میں آنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر جاپان میں ہیں۔ دونوں رہنماوں نے سکیورٹی کے معاملے پر شراکت میں توسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

نریندر مودی کا جاپان کا یہ دورہ خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر وسوخ کے خلاف توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ جاپانی وزیر اعظم نے بھارت میں اگلے پانچ سالوں کے دوران 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ بھی کیا ہے۔

دونوں سربراہان نے اجلاس کے بعد مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انھوں نے جاپان اور بھارت کے درمیان دفاعی شراکت کے موضوع کو اہم قرار دیا اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا۔ دِلی اور ٹوکیو نے دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری کو دو کھرب ڈالر سے بڑھا کر دگنا کرنے کا بھی ہدف مقرر کیا۔

دونوں ملکوں نے مشترکہ دفاعی جنگی تیاریوں اور مشترکہ بحری دفاع کے موضوع پر بھی بات کی۔ اس کے علاوہ جاپان نے بھارت کے خلائی پروگرام میں بھی تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تا ہم دونوں ملکوں کے درمیان جوہری ٹیکنالوجی کی منتقلی پر معاہد ہ نہیں ہو سکا۔